مگسی احاطہ

مگسی احاطہ
جامعہ کیلیفورنیا، سان ڈیاگو شاخ، کو مگسی احاطہ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ ایک قومی پروگرام (منصوبے) کا حصّہ ہے جوتمام قسم کے زیرہ گیر (پولینیٹرز) یعنی پرندوں، چمگادڑوں، شہد کی مکھیوں، اور کئی طرح کے کیڑوں جیسے تتلیوں اور پتنگوں کی بڑھوت کے لئے تیار کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد علاقے کے حیاتیاتی تنوّع کو محفوظ رکھنا، مقامی نباتات کی انواع اور اقسام کو فروغ دینا اور کیڑے مار ادویات کے استعمال کو کم کرنا ہے۔

[زیرگی: عام طور پر ہر پھول کے بیچوں بیچ سے چھوٹی چھوٹی ڈنڈیوں پر پیلا پیلا برادہ ملتا ہے، اسے ہم زیرہ کہتے ہیں۔ یہ زیرہ پیڑوں کی نمو اور تولید میں اہم کام انجام دیتا ہے۔ وہی جو انسانوں اور جانوروں میں نطفہ کرتا ہے۔ اس زیرہ کو صحیح مقام تک پہنچانے میں کیڑے مکوڑے اور کچھ چھوٹے پرندے اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ وہ جب کسی پھول کا رس پینے کے لیے اس پر بیٹھتے ہیں تو وہ زیرہ ان کی ٹانگوں اور پروں پر لگ جاتا ہے اور جب وہ کسی دوسرے پھول پر بیٹھتے ہیں تو اس کے مادہ حصّے پر جا لگتا ہے، اسی کو ہم زیرگی کہتے ہیں، اور اس طرح تولید کا عمل شروع ہو جاتا ہے، جو بیج کے بننے پر ختم ہوتا ہے۔ زیرگی ہوا کے چلنے سے بھی ہو سکتی ہے]

سان ڈیاگو کاؤنٹی، امریکہ، کو عالمی حیاتی تنوّع کے حوالے سے ایک خاص اہمیّت حاصل ہے۔ یہاں مقامی شہد کی مکھیوں اور دیگر زیرہ گیر کیڑوں اور نباتات کی 650 سے زیادہ اقسام موجود ہیں جو ریاست ہائے متحدہ امریکہ کی کسی اور کاؤنٹی میں نہیں۔

جامعہ کیلیفورنیا، سان ڈیاگو شاخ، کے شعبہ ماحولیات، کیڑوں کے طرزِ عمل، اور ان کے ارتقا کے ماہرِ پروفیسر جیمز نیہہ کا کہنا ہے، "مقامی حیاتی تنوّع، اچّھے اساتذہ اور اتالیق، اور پُر جوش طلبا مگسی پروگرام کو ہمارے ادارے کے لیے بہت اہم بنادیں گے۔"

پرند و مگس سان ڈیاگو کاؤنٹی کے زرعی اور اقتصادی منظر نامے کے لئے بہت خاص ہیں۔ مؤثر زیرگی کے بغیر اہم فصلوں، مثلاً انگور، کی پیداوار بری طرح متاثر ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ زیرگی میں مددگار جاندار قدرتی ماحول کو سبزہ و گُل کو فروغ دے کر خوبصورت بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اِس قدرتی حسن کو دیکھنے کے لیے ہر سال 35 ملین سے زیادہ سیّاح یہاں کشاں کشاں کھنچے چلے آتے ہیں۔

سان ڈیاگو شاخ حیاتیاتی تنوّع کے سلسلے میں زیرہ گیروں کے لیے جدید اور بہترین انتظام کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ اس نے جامعہ کے ’ماحول بچاؤ نظام‘ کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں؛ تحقیق اور تعلیم کے لیے ایک نئی عمارت بھی بنائی گئی ہے۔

(تصویر: واکیم الوِس گسپار، پرتگال، وکیمیڈیا)

-

تبصرہ آپ کا
ﺗﺑﺻره آﭘﮑﺎ